لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بہت جلد کشمیر کی آزادی کا سورج آب و تاب سے طلوع ہوگا۔
کشمیریوں کے یوم حقِ خودارادیتِ پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یوم حق خود ارادیت پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ، آج مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اقوام متحدہ نے 5 جنوری 1949 کو کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرایا ، کشمیری بہن بھائی کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیر کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا ، حکومتِ پاکستان کشمیر کاز کو متعلقہ فورم پر اجاگر کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کو جائز حق دلانے میں کردار ادا کرے ، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہد ہماری اپنی جدوجہد ہے ، وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج آب وتاب سے طلوع ہوگا۔