لاہور،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ہم سیاسی مذاکرات کے قائل ہیں، سیاسی دہشت گردی نہیں چل سکتی۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں ملک پر حملے کئے گئے، 9 مئی ناقابل معافی جرم ہے، ماسٹر مائنڈ کو بھی سزا ہوگی، 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا گیا، بیرون ملک سے پاکستان کے خلاف ٹرینڈ چلائے جا رہے ہیں۔
عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ انتشار اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، سیاسی جماعتیں بعد میں پاکستان پہلے ہے، اختلافات سیاستدانوں سے کریں، شہداء کے ساتھ دشمنی کیوں کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں مہنگائی عروج پر تھی،ن لیگی قائد نواز شریف کی جماعت نے ملک میں مہنگائی کم کی ہے۔
ملک میں معیشت کے تمام اعشارئیے مثبت ہیں، مسلم لیگ ن کے دور میں سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے، ملک میں منصوبے لگ رہے ہیں، غیر ملکی تاجر پاکستان آ رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مہنگائی مزید کم ہوگی، عوام کی مشکلات حل کریں گے، روپے کی قدر مستحکم ہے، ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے ہر فورم پر فلسطین کی بات کی ہے۔