صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
صدر آصف زرداری نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے، دہشتگرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
آصف زرداری کی جانب سے حملے میں 16 بہادر جوانوں کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیاگیا اور شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے میں 16 جوان شہید ہو گئے تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات پر مزید کچھ لوگوں کے فیصلے ایک دو دن میں ہوں گے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر مزید کچھ لوگوں کے فیصلے ایک دو دن میں ہوں گے، عمران خان کا 190 ملین پاؤنڈز کیس بھی ان میں شامل ہے۔