مری، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عوام سے مشاورت کیساتھ مری میں منصوبے شروع کیے جائیں۔
ملکہ کوہسار میں عوامی جرگہ سے خطاب کے دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام کے حقوق کے لیے سب سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں، حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے کوئی اقدامات کرنا چاہتی ہے تو پہلے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حق کی بات کرنے اورجو ظلم ہو رہا اس کی بات کرنے آئے ہیں ، ہم کسی سے جھگڑا نہیں چاہتے میری گزارش ہے کہ ہم بہت اچھے ہیں لیکن ہم پر ظلم مت کریں ہمارا امتحان نہ لیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو عوام سے مشاورت کے بعد مری میں منصوبے شروع کرنے چاہئیں، کسی ڈویلپمنٹ کے خلاف نہیں لیکن با مقصد ہونی چاہیے، انتظامیہ کے پاس فیصلے کا اختیار نہیں ہے ، قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مری میں ٹیکس لاگو ہو رہا ہے جس کا کوئی مقصد نہیں ، مری کی تاریخ میں پہلی بار دفعہ 144 نافذ ہوا ہے ، نواز شریف روزگار فراہم کرتے تھے ، نواز شریف اس طرح کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کو حق نہیں کسی کی چار دیواری پامال کرے ، ناکام حکومت دفعہ 144 نافذ کرتی ہے ، افسر یہاں پر حکمرانی نہ کریں خدمت کریں ، ہم سے جھگڑا نہ کریں۔