اسلام آباد،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ حکومت کسی صورت میں دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں ہےاور جو بھی ڈی چوک پر احتجاج کرنے کیلئے آئے گا، اسے گرفتار کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ موبائل سروس بند نہیں کی گئی ، صرف موبائل انٹرنیٹ کی سروس کو بند کیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فیض آباد میں غیر ملکی وفد کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ حکومت نے احتجاجی مظاہرین کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں تاکہ غیرملکی وفد کی آمد پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور رہنما مسلم لیگ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان عدالتوں میں جاکر اپنی بے گناہی ثابت کریں، اگر عدالتیں انہیں رہا کرتی ہیں تو ان کی رہائی ممکن ہوجائے گی، انہیں خود کوکیسزسے کلیئر کرانا ہوگا، مقدمات سے کلیئر ہوئے بغیر انکی رہائی ناممکن ہے ۔