لاہور، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور رہنما مسلم لیگ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان عدالتوں میں جاکر اپنی بے گناہی ثابت کریں، اگر عدالتیں انہیں رہا کرتی ہیں تو ان کی رہائی ممکن ہوجائے گی، انہیں خود کوکیسزسے کلیئر کرانا ہوگا، مقدمات سے کلیئر ہوئے بغیر انکی رہائی ناممکن ہے ۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھ سمیت ن لیگ کی مرکزی قیادت کو انتقامی ہتھکنڈوں کا نشانہ بنایا، ہم نے ان جھوٹے اور بوگس کیسز کے ردعمل میں امریکی کانگریس میں جاکر ان کے کانگریس مین اور سینیٹرز کے پاؤں نہیں پکڑے تھے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں کسی کے آگے ہاتھ باندھ کر استدعا نہیں کی تھی، نہ ہی ہم نے اقوام متحدہ یا کسی انٹرنیشنل فورم پر جاکر پاکستان کے خلاف اپنا مقدمہ پیش کیا تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے گھر کی جنگ گھر کے اندر قانون اور عدالت کے ذریعے لڑی اور پھر ایک ایک کر کے ہمیں ان مقدمات میں ضمانتیں ملیں اور بانی پی ٹی آئی کے دور میں ملیں اور وہ مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے، ہم نے کبھی عمران خان سے مطالبہ نہیں کیا تھا کہ ہمیں رہا کیا جائے، ہم نے اپنے کیس عدالتوں میں لڑے تھے۔