اسلام آباد،آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں پر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے ڈی چوک اسلام آباد کا دورہ کیا اور پی ٹی آئی احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔
اس موقع پرنجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی شر انگیزی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، وفاقی دارلحکومت میں کسی قسم کے احتجاج، ریلی یا مجمعے پر پابندی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ سکیورٹی پلان کا مقصد شر انگیزی کو روکنا ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں پر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے، وفاقی دارلحکومت کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہرمیں سکیورٹی انتظامت عوام کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر کیے ہیں، رکاوٹیں ضرور ہیں لیکن آمدورفت کے سلسلے کو بند نہیں کیا اور لوگوں کی آمدورفت کو یقینی بنایاجا رہا ہے۔
آئی جی اسلام آباد کی جانب سے درخواست کی گئی ہےکہ شہری کسی قسم کی ہنگامہ آرائی یا غیرقانونی عمل کا حصہ نہ بنیں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔