انقلابی باجی قوم کو جاگنے کا کہہ کر خود سو رہی ہیں، عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کی زوجہ بشریٰ بی بی قوم کو جاگنے کا کہہ کر خود سو رہی ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عظمی بخاری نے کہا کہ صوبائی دارلحکومت لاہور میں سکون ہے، لوگ ناشتہ کر رہے ہیں اور چھٹی منا رہے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں کوئی افرا تفری نہیں ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ لاہور میں کوئی ایک بندہ باہر نہیں نکلا، پنجاب میں ان کے 104 ایم پی ایز ہیں، بشریٰ بی بی انقلاب کے لیے کیے جانیوالے احتجاج میں شرکت نہیں کر سکتیں، بشریٰ باجی قوم کو جاگنے کا کہہ کر خود سو رہی ہیں، بشریٰ بی بی نے بیان دیکر فون بند کر دیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میں روز انتظار کرتی ہوں کہ قاسم اور اس کا بھائی بھی باپ کے لیے آئیں، تحریک انصاف کا انقلاب کہیں سڑک پر ہی رہ جائے گا، پختونخوا والے صرف تماشہ لگائیں گے، علی امین گنڈا پور بھی ابھی سو کر نہیں اٹھے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کی جانب سے دعویٰ کیاگیا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے احتجاج کرنیوالے اساتذہ سے کہا کہ احتجاج میں شامل ہو جائیں مطالبات مان لیں گے، آج ورک فرام ہوم اور ورک فرام سٹی ہو گا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کل ایف 10 اسلام آباد سے 3 دہشتگرد گرفتار کیے گئے، وہ کس کے مہمان تھے یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے آج اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے جبکہ حکومت نے پنجاب اور پختونخوا سے راولپنڈی اور اسلام آباد جانیوالے تمام راستے بند کر دیے ہیں، مختلف شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہے جبکہ جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔