وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے آج کے احتجاج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ لوگ مسلح جتھے اور لشکر لے کر آ رہے ہيں تو حکومت بھی اسی طرح ان کا مقابلہ کرے گی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ یہ لوگ لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ پختونخوا منصوبہ بندی کے تحت بندے مروانا چاہتے ہیں، اس چیز کو حکومت کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بیان سے خارجہ پالیسی پر کوئی فرق نہیں پڑا، بشریٰ بی بی اپنی بیٹی کی شادی کیلئے پیسے بٹورنے سعودی عرب گئیں۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کا خیال تھا کہ سعودی عرب میں شادی میں تحفے ملیں گے اور پھر بیچیں گے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات اور رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پر کسی صورت چڑھائی نہیں کرنے دیں گے، دہشتگرد جب باہر آتے ہیں تو موٹرویز بند کرنا پڑتی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت ہے، احتجاج کے دوران انکے پاس اسلحہ ہوگا اور قانون کو چیلنج کیا جائے گا ، اس وقت عمران خان لاشیں گرانے کے موڈ میں ہیں ، کیا شہریوں کو بلوائیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں، ہمارے بس میں جو کچھ ہوا ہم وہ کریں گے، انہیں وفاقی دارالحکومت میں فساد برپا نہیں کرنے دیں گے۔