مایہ نازبلے باز محمد رضوان آسٹریلیا میں سیریز جیتنے والے دوسرے پاکستانی کپتان بن گئے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر وقار یونس کی کپتانی میں پاکستان نے آسٹریلیا میں آخری سیریز جیتی تھی۔
ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد گفتگو کے دوران کپتان قومی ٹیم محمد رضوان نے کہا کہ آج کی جیت سے قوم بہت خوش ہوگی،میرے لیے اس جیت کے خاص لمحات ہیں۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے پاکستان ٹیم توقعات کے مطابق نہیں کھیل پائی،ہماری ٹیم میں تمام کھلاڑی کپتان ہیں،آسٹریلیا کیخلاف آسٹریلیا میں کھیلنا آسان نہیں ،ہمارے بالرز نے کمال کی پرفارمنس دی ہے۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ ہمارے اوپنرز اچھا کھیلے،ہدف آسانی سے حاصل کیا،پاکستانی قوم کی دعائیں اور سپورٹ ٹیم کیساتھ ہوتی ہے،ٹیم کی جیت پاکستانی قوم کے نام کرتا ہوں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز میں تاریخی کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی گئی ہے۔
چیئر مین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دیکر ٹیم کی جانب سے قوم کا سر فخر سے بلند کیاگیا ، تاریخی جیت پر تمام کھلاڑی اور مینجمنٹ تعریف کے مستحق ہیں۔