حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب ایئر کے نام سے ایئرلائن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے پنجاب ایئر لائن کی فزیبیلٹی پرکام شروع کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ائیرلائن پرائیویٹ سرمایہ کاروں کے اشتراک سے لائی جائے گی اور ایئر لائن میں حکومت پنجاب کے شیئرز بھی ہوں گے۔
دوسری جانب پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے پی آئی اے خریدنے کی خبروں کی تردید کی گئی اور کہا کہ حکومت پنجاب پی آئی اے نہیں خرید رہی، جھوٹی خبر پھیلائی جا رہی ہے ۔
واضح رہے کہ امریکا سے لندن واپس پہنچنے پر میڈیا سےگفتگو کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہناتھا کہ ا گر ایسا ہو جائے تو ملک کو ایک اچھی ائیر لائن میسر آئےگی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ مرکز اور پنجاب میں اچھا کام ہو رہا ہے، پاکستان ٹریک پر واپس آرہا ہے، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔
یاد رہےکہ اس سےپہلے نواز شریف نے امریکا میں کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز، پی آئی اے کی خریداری کے حوالے سے غور کر رہی ہیں، مریم نواز کی جانب سے اس سلسلے میں اُن سے صلاح مشورہ بھی کیاگیا ، مریم کا کہنا تھا کہ اُس ائیرلائن کا نام ایئر پنجاب رکھا جاسکتا ہے۔