پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ عوام کو ہو گا۔
سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ عوام کو ہوگا۔ انہوں نے قوم کو اس ترمیم کی منظوری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا تسلسل قائم رکھا ہے۔
آغا سراج درانی نے بلاول بھٹو کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح بلاول نے دن رات محنت کی، اسی طرح شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بھی کیا کرتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی 18 ویں آئینی ترمیم کو بڑی جدوجہد کے بعد منظور کروایا تھا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما آغا سراج درانی نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بھی اسی عزم کے ساتھ ملک کے عوام کے لیے کام کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے عوام کو بہت فائدہ ہوگا، کیونکہ اب عوام کے برسوں سے زیرِ التوا کیسز کی سماعت تیز ہو جائے گی، جس سے انصاف کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔