26ویں آئینی ترمیم نے چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے تمام راستے بند کر دئیے: رانا ثناءاللہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کہتےہیں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے تمام راستے بند ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم نے چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا راستہ بند کردیا ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے ملک کی معیشت اور ترقی میں مثبت کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان بحرانی کیفیت سے نکل آیا ہے اور اب ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام آنے کی امید ہے۔

latest urdu news

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد جب حکومت تشکیل دی گئی تو ملک ڈیفالٹ کے خطرے میں تھا، مگر مسلم لیگ (ن) نے سیاسی حقیقت کے طور پر ہر مرحلے میں بھرپور کردار ادا کیا اور تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر یقین رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور توانائی بحران پر قابو پاتے ہوئے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ 2017 میں ایک منتخب وزیراعظم کی حکومت کو غیرآئینی طریقے سے ختم کیا گیا، اور نواز شریف کی قیادت میں ترقی کرتے پاکستان کو ٹریک سے ہٹایا گیا۔ مگر آج مسلم لیگ (ن) کو وفاق اور پنجاب میں عوامی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی وجہ سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اب چور دروازوں سے اقتدار حاصل کرنے کا سلسلہ بند ہو جائے گا، اور ملک میں استحکام برقرار رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی انتھک محنت کی وجہ سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہیں، جن میں بڑے ترقیاتی منصوبے بھی شامل ہیں۔

News Alert Urdu