ممبئی، بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے دور میں مشہور شخصیات کے لیے ٹرولنگ زندگی کا لازمی حصہ بن گئی ہے۔
معروف اداکارہ کاجول نے ایک تقریب کے دوران سوشل میڈیا ٹرولنگ سے نمٹنے، کیریئر میں توازن برقرار کھنے اور معروف شخصیات کی زندگی میں پیش آنے وانے مسائل پر کھل کر بات کی ہے۔
کاجول کی جانب سے سوشل میڈیا پر زیر گردش گلیمرس تصاویر اور ان کے پیچھے کی حقیقت کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا گیا۔
خوبرو اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں شکرگزار ہوں کہ میری زندگی کا زیادہ تر حصہ سوشل میڈیا کے بغیر گزرا ہے، 6 برس قبل پہلے ہی سماجی رابطے کی دنیا میں قدم رکھا، یہاں زندگی غیر حقیقی ہے۔
مداحوں کے دوہری نوعیت کے ردعمل پر اداکارہ کاجول کا کہنا تھا کہ جب آپ سے لوگ بہت زیادہ پیار کرتے ہیں تو انہیں آپ سے نفرت کرنے کا بھی حق ہے، یہ نہیں کہہ رہی کہ وہ صحیح ہیں لیکن ہمیں معروف شخصیت ہونے کے سبب اس سے نمٹنا ہوگا۔
کاجول نے خود کو سست ترین کہا اور کیریئر کے دوران طویل وقفوں پر بات کرتے ہوئے یہ کہا کہ فلمی گھرانے سے ہونے کے باوجود یہ سفر میں نے اپنایا، میری فلموں کی تعداد بھی کم ہے۔
معروف اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری والدہ اور دادی کہتی تھیں کہ کام آپ کی زندگی کا حصہ ہے لیکن یہ آپ کی پوری زندگی نہیں ، میں نے فلموں سے بریک کے دوران شادی کی اور بچے بھی پیدا کیے۔