پاک بحریہ نے امریکی بحریہ کیساتھ مشترکہ کارروائی میں کشتی سے 26 ملین ڈالر کی منشیات برآمد کرلی۔
شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی جانب سے امریکی بحریہ کیساتھ مشترکہ کارروائی میں کشتی سے 26 ملین ڈالر کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی جانب سے شمالی بحیرہ عرب میں کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کے ساتھ انسداد منشیات آپریشن کیا گیا۔
مشترکہ فوکسڈ آپریشن ہمالین اسپرٹ میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے باقاعدہ حصہ لیا، آپریشن میں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز پی ایم ایس ایس کولاچی نے بھی حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ آپریشن میں امریکی بحریہ کے ائیر کرافٹ کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن نے مدد فراہم کی، امریکی کوسٹ گارڈ اور پاک بحریہ کے ہوائی جہازوں نے بھی مدد فراہم کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انسداد منشیات آپریشن میں مشتبہ کشتی سے 1.3 ٹن حشیش برآمد کی گئی، ضبط کی جانیوالی منشیات کی انٹرنیشنل مارکیٹ میں مالیت تقریباً 26 ملین ڈالر ہے۔