حیدرآباد، سینئر وزیر سندھ اور رہنما پیپلزپارٹی شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو یہ چاہتے ہیں کہ آئینی ترامیم کے معاملے پر کوئی سیاسی جماعت ناراض نہ ہو۔
حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کی سوچ ہے، سب کو ساتھ ملا کر فیصلے کرنے ہیں، ہم تو کہتے ہیں تحریک انصاف بھی ترامیم میں حصہ لے، یہ ملک ایک گلدستہ ہے، 18 ویں ترمیم زرداری صاحب کا عظیم کارنامہ ہے۔
سینئر وزیر کے مطابق بلاول صاحب نے کہا کہ جو لوگ اسمبلی میں نہیں ان سے بھی بات کریں گے، بلاول بھٹو مختلف عدالتوں کی بارز بھی گئے، چیئرمین پیپلزپارٹی یہ کہہ چکے ہیں کہ ہماری پسند یا نا پسند کی بات نہیں ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جیل سے بیان دیا کہ وہ جوڈیشری کو متنازع نہ کریں، قائد عوام کا عدالتی قتل کیا گیا، محترمہ کی حکومتیں گرائی گئیں لیکن اس معاملے میں پیپلزپارٹی کو انصاف نہیں ملا۔
دوسری جانب گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی نے بے روزگاری اور غربت میں اضافہ کیا ہے، غربت کے خاتمے کیلئے پالیسیوں اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لیے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے بہت ضروری ہیں، صوبے میں معاشی آسودگی کے لیے قیام امن ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔