لاہور، پنجاب حکومت کی جانب سے طلبہ کیلئے 130 ارب روپے کے ہونہار سکالر شپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا جس کی رجسٹریشن بھی شروع کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر جامعات میں انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیئے گئے، ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 68 مضامین کے طلبہ کو سکالر شپ دی جائے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر سال 30 ہزار طلبہ کو اسکالر شپس ملیں گی، صوبہ پنجاب کی 50 پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے طلبہ سکالر شپ حاصل کر سکیں گے۔
اسکالرشپ پروگرام کے مطابق انڈر گریجوایٹ ڈگری پروگرام کے لیے 4 سے 5 سال تک اسکالر شپ مہیا کی جائے گی، طلبہ کی اہلیت کا تعین کرنے کے لئے میٹرک کے 30 فیصد اور انٹرمیڈیٹ کے 70 فیصد نمبروں سے میرٹ بنے گا۔
ہونہار اسکالر شپ پروگرام کے تحت طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی، 22 برس سے کم عمر، 3 لاکھ سے کم آمدن رکھنے والے پنجاب کے شہری سکالر شپ کے لئے اپلائی کر سکیں گے، MBBS اور بی ڈی ایس کے طلبہ بھی اسکالر شپ کے لئے اہل ہوں گے۔
طلبہ honhaarscholarship.punjabhec.gov.pk پر سکالر شپ کیلئے اپلائی کر سکیں گے۔