بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے دورہ اسلام آباد پر بھارتی میڈیا کی جانب سے تبصرے کیے جارہے ہیں کہ پاک بھارت تعلقات پر جمی برف اب پگھل گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے باضابطہ دو طرفہ ملاقات تو نہیں ہوئی تاہم ایس سی او اجلاس کے دوران دوپہر کے کھانے پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ ساتھ بیٹھے اور دیگر کی موجودگی میں طویل گفتگو دیکھنے میں آئی ہے۔
9 برس کے بعد کسی بھارتی وزیر کا دورہ پاکستان بغیر کسی مسئلے کے مکمل ہوجانا مثبت پیشرفت ہے۔
انڈیا ٹو ڈے کی ایگزیکٹو ایڈیٹر گیتا موہن نے ایک نجی پروگرام میں یہ کہا ہے کہ جے شنکر اور پاکستانی حکام کے درمیان چٹ چیٹ سے زیادہ بات چیت ہوئی، جے شنکر اور پاکستانی حکام کے بیانات سے یہ محسوس ہورہا ہے کہ درجہ حرارت ضرور کم ہوا ہے، شریف فیملی بھارت کیساتھ تعلقات استوار کرنے میں کردار ادا کررہی ہے۔
دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے اگلے ماہ COP29 اجلاس پر آمنے سامنے آنے کے بھی امکانات ہیں۔