صدر مملکت سے چینی وزیراعظم کی ملاقات، اسٹریٹجک تعاون گہرا کرنے پر اتفاق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

صدرمملکت آصف زرداری سے چینی وزیراعظم لی چیانگ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ معاشی، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط میں اسٹرٹیجک تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک اہم پہلو کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

latest urdu news

صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ساتھ دوستی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو قرار دیا اور دونوں ممالک کے مابین تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے تجارتی اور عوامی روابط کو بڑھانے کے لیے ہمہ موسمی سڑکوں کے ذریعے رابطے بڑھانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

صدر مملکت نے چینی شہریوں پر دہشت گردانہ حملے میں جان کی بازی ہارنے والوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اس واقعے کو پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مجرموں کو مثالی سزا دی جائے گی اور پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ صدر زرداری نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کرنے پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

چینی وزیراعظم لی چیانگ نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا اور کہا کہ دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے اور شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رہے گا۔

اس ملاقات کے بعد صدر مملکت کی جانب سے چینی وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، چاروں گورنرز، اور مختلف ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔

News Alert Urdu

شیئر کریں:
frontpage hit counter