صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع نے عائشہ بشیر ہسپتال کا دورہ کیا، پاکستان کلیفٹ لپ اینڈ پیلٹ ایسوسی کے زیر اہتمام 54 ویں انٹرنیشنل کلیفٹ کیمپ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک اور ڈی پی او گجرات مستنصر حسین باجوہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ برطانیہ کے کلیفٹ پلاسٹک سرجنز اور ان کی میڈیکل ٹیم کیمپ میں ہونٹ اور تالو کٹے ہوئے بچوں کے مفت آپریشنز کررہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ہونٹ اور تالو کٹے بچوں کے علاج کی سہولیات کا جائزہ لیا اور غیر ملکی سرجنز سے ملاقات کی، صوبائی وزیر مریض بچوں اور ان کے والدین سے بھی ملے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ کیمپ میں ہونٹ اور تالو کٹے بچوں کی مفت پلاسٹک سرجری انسانیت کی بڑی خدمت ہے حکومت دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
اسپتال میں ہونٹ اور تالو کٹے بچوں کے علاج کی عالمی معیار کی سہولیات دستیاب ہیں کلیفٹ ہسپتال اور کیمپ تالو اور ہونٹ کٹے بچوں کی پلاسٹک سرجری کے ذریعے ان کی مسکراہٹ برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
عمر بشیر ہسپتال تالو اور ہونٹ کٹے بچوں کے علاج کے حوالے سے پنجاب کا بہترین ہسپتال ہے ،صوبائی وزیر صنعت و تجارت ہسپتال کے بانی ڈاکٹر اعجاز بشیر نے ہسپتال میں علاج کی سہولیات اور آئندہ کے منصوبوں بارے آگاہ کیا۔
غیر ملکی سرجنز نے بھی کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا پاکستان کلیفٹ لپ اینڈ پیلٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین و ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک،بانی ہسپتال اعجاز بشیر،عزیزالرحمان مجاہد،ڈاکٹرز اور طبی عملے اور سماجی شخصیات اور دیگر بھی موجود تھے۔