وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ایس سی او اچھے طریقے سے آگے چلے گی، کسی کے احتجاج کا اعلان کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، شرپسند عناصرکو رکاوٹ ڈالنے کا موقع نہیں دیں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس سے متعلق گفتگو کے دوران وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں سربراہان مملکت آئیں گے، ہم غیر ملکی مہمانوں کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ کیا اور استقبال کے انتظامات دیکھے گئے، شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت 12 ملکوں کے سربراہان آ رہے ہیں۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عزت میں انٹرنیشنل لیول پر اضافہ ہوگا، ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سازشی ذہنیت والوں کو گھر بیٹھ کر سکون کرنا چاہیے، سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں، فوج، رینجرز اور پولیس تعینات ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ کہا کہ اندرونی معاملات کو ہم نے آپس میں ہی نمٹانا ہے، آئین اور قانون کو ماننے والوں سے مذاکرات ہوں گے، صدرمملکت آصف زداری کی جانب سے بھی ہمیشہ ری کنسلیشن، امن اور ڈائیلاگ کی بات کی گئی، پختونخوا کو ایک پرامن اور خوشحال صوبہ بنائیں گے۔
گورنر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہمارا صوبہ نازک حالات سے گزر رہا ہے، صوبہ میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، میں نے ہمیشہ سے ہی امن کی بات کی، وفاقی اور صوبائی حکومت صوبے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سنجیدگی کے ساتھ ڈیل کریں۔