تل ابیب، اسرائیل کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کے لئے یرغمالیوں کی رہائی کی شرط لگا دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سربراہ موساد ڈیوڈ برنیا نے سی آئی اے کے سربراہ بل برنز کو ایک اہم پیغام پہنچایا جس میں لبنان کے خلاف جنگ روکنے کی شرائط بھی شامل کی گئیں تھیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ مستقبل میں لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے میں غزہ کی پٹی میں حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ شامل ہونا چاہیے۔
یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ اس منصوبے کا مقصد لبنان میں جنگ بندی کو غزہ میں تبادلے کے معاہدے کی تکمیل سے جوڑنا ہے، اس کا مقصد رہنما حماس یحییٰ السنوار پر اپنے اتحادیوں حزب اللہ اور ایران کے ذریعے دباؤ ڈالنا ہے۔
سربراہ موساد نے کہا کہ یہ پیغام خطے کی صورت حال کی پیچیدگی کا واضح ثبوت ہے، خاص طور پر چونکہ اسرائیل اپنے مقاصد کے حصول کے لئے مختلف میدانوں کو جوڑنے کیلئے پوری طاقت سے کوشاں ہے۔