اسلام آباد، سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ مولا نا فضل الرحمان کی مرضی کے بغیر کوئی بھی آئینی ترمیم آنا بہت مشکل ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چودھری نے کہا کہ میاں نوازشریف اور بلاول بھٹو جمہوری ہوتے تو یہ مسائل نہ ہوتے، پی پی 17سال سے سندھ میں اقتدار میں ہے، بلاول بھٹو کے پاس نمبر پورے ہوتے تو وہ کل ہی آئینی ترامیم لے آتے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نمبر پورے نہیں اس لئے ابھی ترامیم نہیں لاسکے، پہلے بھی ان لوگوں نے کوشش کی تھی، اب بھی کررہے ہیں، ابھی بھی 5 سینیٹرز اور 7 ایم این ایز کم ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ا سپیکر ایاز صادق کی جانب سے مخصوص نشستوں کے حصول کیلئے دوبارہ الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیا، اٹارنی جنرل یہ کہہ چکے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مخصوص نشستیں نہیں دی جا سکتیں۔
دوسری جانب سابق اسپیکر قومی اسمبلی بزرگ سیاست دان الہی بخش سومرو دار فانی سے کوچ کر گئے۔
سابق ن لیگی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی الہی بخش سومرو گزشتہ کئی دنوں سے بیمار تھے، وہ جیکب آباد سے کئی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ الہی بخش سومرو اسپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ وفاقی وزیر بھی رہ چکے تھے۔