کراچی، ائیرپورٹ کے سگنل پر دھماکے میں حکام کی جانب سے 9 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد فارنزک کے لیے بھجوائے گئے ہیں اور تحقیقات کے دوران خاتون سمیت 9 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے جس کے نتیجے میں 6 مشکوک نمبرز کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے جب کہ حملہ آور کے پاس حملے کے وقت موبائل فون نہیں تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا روٹ بھی مل گیا ہے، حملہ آور دھماکے سے پہلے بھی ائیر پورٹ سگنل سے گزرا تھا۔
حکام کے مطابق حملے میں متاثرہ 16 گاڑیوں کی مکمل تفصیلات حاصل کرلی گئیں ہیں، کرائم سین کو جلد کلیئر کردیا جائے گا مگر حملے کا مقدمہ ابھی تک درج نہیں ہوسکا۔
یاد رہے کہ 6 اکتوبر کی رات کراچی ائیرپورٹ کے قریب غیر ملکیوں کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں 2 چینی شہریوں سمیت 3 افراد جان سے چلے گئے۔