گجرات، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ڈینگی سرویلنس کو مؤثر بنانے اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ ڈینگی سرویلنس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمرشل مقامات سے ڈینگی لاروا ملنے کی صورت میں مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈی ایچ او ڈاکٹر غمخوار حسین شاہ سمیت دیگر ضلعی افسران بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ڈینگی سرویلنس کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور محکمہ صحت کے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ بارش کے موسم میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔
انہوں نے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ڈینگی سرویلنس کے عمل کو احسن طریقے سے سرانجام دیا جائے اور بوگس سرگرمیاں رپورٹ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔