اسلام آباد، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کراچی میں چینی شہریوں پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے دھماکے میں ہلاک چینی باشندوں کے اہلخانہ، چین کی قیادت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا جب کہ دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد کی صحتیابی کے متعلق دعا بھی کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ملوث عناصر پاکستانی نہیں ہوسکتے یہ پاکستان کے دشمن ہیں، دھماکے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں، ان سب کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاک چین دوستی کے تحفظ کے عزم پر قائم ہیں، چینی دوستوں کی سکیورٹی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری فلسطین میں دیرپا امن کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر غور کرے۔
چیئرمین سینیٹ کی جانب سے غزہ کی پٹی، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری اور تسلط کا ایک سال مکمل ہونے پر شدید مذمت کا اظہار کیا گیا ہے۔