سوات، خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے چارباغ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس پر مبنی مشترکہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں خارجی دہشت گرد سرغنہ عطاء اللہ عرف مہران سمیت 2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سوات کے علاقے چار باغ میں مشترکہ آپریشن 4 اور 5 اکتوبر کی شب انٹیلی جنس کی اطلاع پر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں خارجی سرغنہ عطاء اللہ سمیت 2 خوارج ہلاک ہو گئے جبکہ 1 خارجی کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا ہے۔
پاک فوج کے مطابق خارجی عطاء اللہ عرف مہران علاقے میں دہشت گردوں کی کافی سرگرمیوں میں ملوث تھا، اس نے 22 ستمبر 2024 کو سوات میں غیر ملکی معززین کے قافلے کو لیجانے والی پولیس گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکا کرنے کا بھی ذمہ دار تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ مل کر سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کے خاتمے کے لیے کلیرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔