وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پہلی سہ ماہی کے ریونیو اہداف وصولی کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سرکاری اراضی کے بہترین استعمال کیلئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی، وزیر اعلی ٰ پنجاب نے ٹارگٹ پورے کرنے والے ڈیپارٹمنٹس کو شاباش بھی دی۔
اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کی صوبے کے مختلف اضلاع تک توسیع کی منظوری دی گئی جبکہ صوبے کے مالی وسائل بڑھانے کیلئے پلاننگ کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے امور میں اے ڈی سی ڈی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو با اختیار کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں ریسٹورنٹس، بیکریاں اور میرج ہالز کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی لیگل فریم ورک کی تشکیل کا ٹائم لائن مقرر ہے، عوام پر ٹیکس بڑھائے بغیر ریو نیو کی وصولی میں اضافہ کیا جائے گا۔
عوام کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں مگر مالی وسائل بہت زیادہ نہیں ہیں، ریونیو وصولی کے ٹارگٹ ہر صورت پورے کئے جائیں۔