مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ جعلی حکومت تحریک انصاف سے خوفزدہ ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ حواس باختہ حکومت نے ابھی سے ڈی چوک کنٹینر پہنچانا شروع کر دیئے ہیں یہ کچھ بھی کر لیں ہم ڈی چوک لازمی پہنچیں گے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کل ہر صورت ڈی چوک پہنچنا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں خیبر پختونخوا کا قافلہ لازمی ڈی چوک پہنچے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور حکومت کو زمین بوس کرنے کا فیصلہ کن راؤنڈ شروع ہو چکا ہے۔ تحریک انصاف کے کارکن کل ڈی چوک احتجاج کیلئے پرجوش ہیں۔ جعلی حکومت کی جانب سے کھڑی کی جانیوالی رکاوٹیں ریت کی دیوار ثابت ہوں گی۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اس دفعہ پولیس گردی کی حماقت نہ کرے۔
پچھلی بار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا تھا انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے ہاتھوں یرغمال پنجاب پولیس اہلکاروں کو چھڑوایا لیکن اگر اس دفعہ پولیس گردی کی غلطی کی گئی تو یہ ذمہ دار خود ہوں گے۔