اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت زیادہ کرنے والے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سے معروف اسلامک اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی، پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیرمقدم کیا گیا۔
ملاقات میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجزز، بین المذاہب ہم آہنگی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر معروف مذہبی اسکالر نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو اپنے اختلافات بھلا کر قرآن و سنت کی روشنی میں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
معروف اسکالر نے کہا کہ میرے تبلیغی کام کا مقصد دنیا میں اسلام کے امن اور محبت کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنا ہے، ملاقات کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اتحاد بین المسلمین اور اسلام کے حقیقی پیغام کو عالم اسلام میں پھیلانے پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا دنیا میں اسلام کے امن اور محبت کے پیغام کو عام کرنے میں جتنی بھی کاوشیں ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔