بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں میں جلسے کی اجازت دینا انسانیت کی توہین ہے۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران علیمہ خان نے کہا کہ آئینی ترمیم کرکے یہ آئین کو معطل کرنا چاہتے ہیں، ہمیں جمہوریت اور عدلیہ کی آزادی کےلیے گھروں سے نکلنا ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جلسہ کرتے ہیں تو یہ بتیاں بند کردیتے ہیں، راستے بند کر دیتے ہیں، یہ ہر جلسے کی اجازت کسی نہ کسی مویشی منڈی میں دیتے ہیں۔
عمران خان کی بہن کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں میں جلسے کی اجازت دینا انسانیت کی توہین ہے۔
دوسری جانب، انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی کارکنان سمیت 18 ملزمان کو بری کردیا۔
پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد اقبال نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ ملزمان پر9 مئی کو لنڈی کوتل میں احتجاج کا الزام تھا، ملزمان نے طورخم شاہراہ کو بند کرکے نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، ملزمان کی جانب سے احتجاج کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔