اسلام آباد، رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب کا کہنا ہے کہ تقریباََ ڈیڑھ ماہ ہوگیا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق سینیٹر شبلی فراز، احمد خان بچھر اور رؤف حسن کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کے دوران رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ 4 گھنٹے کھڑے رہے، لیکن سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت ہیں اور قومی و صوبائی اسمبلیوں میں آفس ہولڈر ہیں، آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔
دوسری جانب وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو کی جانب سے وفاقی وزیر امیر مقام کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔
ظاہر شاہ طورو نے بھیجے گئے نوٹس میں یہ کہا کہ امیر مقام نے 3 اگست کی پریس کانفرنس میں مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے جس سے میری ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
قانونی نوٹس کے مطابق وفاقی وزیر امیر مقام 14 دن کے اندر معافی مانگیں بصورت دیگر ہرجانہ ادا کرنے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔
وزیر خوراک کے پی نے قانونی نوٹس میں امیر مقام کو 5 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا کہا ہے۔