چکوال، ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں 2 ڈاکو جان کی بازی ہار گئے جبکہ مقابلے میں 1 اہلکار بھی شہید ہوا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم نے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے رتہ کلرکہار میں چھاپہ مارا تھا جہاں مقابلے کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے 2 ڈاکو جان کی بازی ہار گئے جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کا 1 جوان بھی شہید ہوا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں سے مقابلے میں ایلیٹ فورس کا کانسٹیبل طاہر شاہ شہید ہوا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے اہل خانہ کی کفالت پنجاب پولیس کی ذمہ داری ہے اور اس متعلق بھرپور تعاون کیا جائے گا۔
دوسری جانب کھاریاں پولیس نے گجرات کے مختلف علاقوں سے مویشی چوری کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے 5 بھینسیں اور 6 لاکھ روپے نقدی برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات مستنصرعطا باجوہ کی ہدایت پر گجرات پولیس کا ضلع بھرمیں چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔
ڈی ایس پی کھاریاں سرکل ملک عرفان صفدر کی زیرقیادت ایس ایچ او تھانہ صدرکھاریاں انسپکٹرلیاقت حسین نے دیگرپولیس ٹیم کے ہمراہ مویشی چوروں کے خلاف آپریشن کر کے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔