گورنمنٹ سویڈش پاکستانی کالج آف ٹیکنالوجی گجرات میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزازمیں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
چیئر پرسن ٹیوٹا بریگیڈیر(ر) محمد ساجد کھوکھر، سینئر ڈی جی ٹیوٹا اختر عباس بھروانہ، پرنسپل انجینئر سرفراز احمد قادری اور طلبہ و طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سویڈش پاکستانی کالج ایک تاریخی ادارہ ہے جو 1964 میں قائم ہوا، اور اس کے قیام میں چوہدری ظہور الہیٰ شہید کا بڑا کردار رہا ہے۔
وزیر صنعت و تجارت نے مزید کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت ٹیوٹا کے اداروں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، جس میں پہلے مرحلے میں سویڈش پاکستانی کالج آف ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔
ٹیوٹا اداروں میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق پروفیشنل کورسز متعارف کروائے جا رہے ہیں اور مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق کورسز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیوٹا کے اداروں میں بین الاقوامی زبانیں بھی سکھائی جا رہی ہیں اور یہاں سے کورسز مکمل کرنے والے بچوں کے روزگار کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
تقریب میں انہوں نے اعلان کیا کہ گجرات میں اڑھائی سو ایکڑ رقبے پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جا رہی ہے اور مہنگی بجلی سے پیدا ہونے والے مسائل کا حل سولر انرجی کے ذریعے کیا جائے گا۔
پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو 25000، دوسری پوزیشن پر15 ہزار اور تیسری پوزیشن پر 10 ہزار روپے کے انعامات دیے گئے جبکہ پوزیشن ہولڈرز کو میڈلز بھی پہنائے گئے۔