امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو عدلیہ کو اپنی آئینی حدود میں رہنا ہوگا۔
ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا یہ کہنا تھا یہ نااہل لوگ ترامیم کرکے عدلیہ بھی اپنی بنانا چاہتے ہیں، آئین میں ترمیم چاہتے ہیں لیکن پارلیمنٹ سے بل کو چھپائے رکھا، ہم سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ پوری ترمیم کو مسترد کر دیں گے۔
حافظ نعیم الر حمان نے کہا کہ پاکستان پر جعلی فارم 47 کی پیداوار نااہل حکومت مسلط کر دی گئی ہے جو جمہوریت کی توہین اور عوام کی رائے کا بٹوارہ ہے، پاکستان میں حکومت فارم 45 کی بنیاد پر بننی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا جاتا ہے، پاکستان اس وقت کسی کھلواڑ کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب صدرِ آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے فلسطین میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
عالمی یوم امن کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عالمی یوم امن پر اقوامِ عالم کے مابین امن کے اصولوں کے ساتھ وابستگی کا ارادہ کرتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج دنیا کو مختلف علاقوں میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی کا سامنا ہے، تنازعات عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
صدر پاکستان نے کہا کہ اسرائیل، ہزاروں لوگوں کے غزہ میں قتل عام سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔