اسلام آباد، سینئر رہنما پیپلزپارٹی اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ نئے صوبے بنانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یہ کہا کہ کسی بھی جماعت کے پاس اکثریت نہیں رہی، پنجاب اور سندھ کا مسئلہ نہیں ہے، پیپلزپارٹی سمجھتی ہے سندھ میں نیا صوبہ نہیں بننا چاہئے۔
سابقہ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ الگ صوبے کا مطالبہ نہیں کررہے، جنوبی پنجاب کے لوگ نیا صوبہ چاہتے ہیں، سیاسی جماعتیں اقتدار میں آکر اختیارات نچلی سطح منتقل نہیں کرتیں، لوکل گورنمنٹ کو فعال کرنے کے بعد جمہوریت مضبوط ہوگی۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ صوبوں میں فعال لوکل گورنمنٹ کے نظام کو یقینی بنانا ہوگا۔
دوسری جانب بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جج نے جلد ہی عمران خان کو سزا سنانی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران علیمہ خان کا یہ کہنا تھا سپریم کورٹ کو عوام نے بچانا ہے، یہ ہمیں کبھی بھی ملٹری کورٹ میں لے جائیں گے۔
علیمہ خان کا یہ کہنا تھا کہ ہمارے بہت سے لوگ ملٹری جیل میں ہیں، ہمارا بھانجا بھی ملٹری جیل میں ہے، کسی کو معلوم نہیں کہ ان کو کب اور کتنی سزا ہو جائے گی، اب یہ ایسا قانون لانا چاہتے ہیں کہ کسی کو بھی اٹھا کر لے جائیں۔