پاکستانی اداکارہ حرا خان کی جانب سے یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ انہیں ایک ہدایتکار نے رات 11 بجے بلا کر مختصر لباس میں آڈیشن دینے کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا۔
اداکارہ حرا خان کا ایک انٹرویو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں اداکارہ نے کاسٹنگ فراڈ سے بال بال بچ جانے کے حوالے سے بتایا۔
اداکارہ حرا خان کا کہنا تھا کہ میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف تھی جس دوران ایک اداکارہ نے بتایا ایک ہدایتکار کو کاسٹ کیلئے ایک لڑکی کی ضرورت ہے، اگر میں چاہوں تو اس سے رابطہ کرسکتی ہوں، میں نے گھر جاکر ہدایتکار سے رابطہ کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے میسج کے بعد ڈائریکٹر نے مجھ سے میری 2 تصویریں مانگیں اور کہا کہ آپ ڈائریکٹ آڈیشن کیلئے آئیں، اس کے بعد میں نے ڈائریکٹر سے پوچھا کہ میں دوسرے دن 3 بجے آڈیشن کیلئے آجاؤں ؟ ڈائریکٹر نے انکار کرتے ہوئے یہ کہا کہ آپ رات کو 11 بجے آجائیں۔
ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ مجھے آڈیشن کے دوران مختصر یا بولڈ لباس پہننا ہوگا اور یہ آڈیشن خفیہ ہوگا جس کی ویڈیو صرف پروڈیوسرز کو بھیجی جائے گی، میں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسے لباس نہیں پہنتی، جس پر انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیوز خفیہ ہونگی، جس پر میں نے فون بند کردیا۔
حرا خان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد میں نے انڈسٹری کے دوسرے ڈائریکٹر کو فون کیا اور انہیں ساری صورتحال بتائی تو انہوں نے مجھے بتایا کہ آڈیشن ایسے نہیں لیے جاتے نہ ہی یہ ڈائریکٹر ہیں، آپ کے ساتھ دھوکا ہورہا ہے۔