اے این ایف نے بیرون ملک بھیجے جانے والے آلوؤں میں ہیروئن اسمگل کرنے کی واردات پکڑ لی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے سری لنکا بھیجے جانے والے آلوؤں میں ہیروئن اسمگل کرنے کی واردات پکڑ لی گئی ہے۔
اے این ایف نے آلو کی برآمد کی آڑ میں ہیروئن اسمگلنگ کی واردات پکڑ لی ہے، ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر کارروائی کی گئی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق سری لنکا بھیجے جانے والے آلوؤں کے کنٹینر سے 5 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے، 80 تھیلوں میں سے ہر تھیلے میں 1 سے 2 ہیروئن بھرے آلو رکھے گئے تھے۔
ترجمان اے این ایف نے مزید یہ بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے ذریعے 1 ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ذکر کیے گئے کنٹینر کو ایک نجی کمپنی کی طرف سے بُک کروایا گیا تھا، زیر حراست ملزم کو اے این ایف پولیس اسٹیشن منتقل کر کے مزید تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔