اسلام آباد پولیس کی محنت رنگ لے آئی اور پولیس کی 10 ٹیموں نے بڑی ہی جاں فشانی کیساتھ خاتون پھل فروش کا مغوی بچہ بازیاب کرالیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق خاتون تھانہ کوہسار کے علاقے ایف -6 میں فروٹ کی ریڑھی لگاتی ہے، خاتون کیساتھ اس کا 7 ماہ کا بچہ بھی ہوتا ہے، 31 اگست کو گاڑی میں سوار ملزمان کی جانب سے خاتون کا بچہ اغوا کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد نے نوٹس لیکر بچے کی فوری بازیابی کے احکامات جاری کیے اور ڈی آئی جی مصطفیٰ تنویر کی زیرنگرانی آر ڈی یو کی 10 ٹیمیں بنائی گئیں۔
ترجمان کے مطابق پولیس ٹیموں نے تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کرالیا اور اغوا میں ملوث خاتون سمیت 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے واردات میں زیر استعمال گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
پولیس کے مطابق مغوری بچہ قانونی کارروائی کے بعد والدہ کے حوالے کردیا گیا، ڈی آئی جی ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر نے بچے کی والدہ سے ملاقات کی اور بچہ ان کے حوالے کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بچہ واپس ملنے پر والدہ خوشی سے نہال ہوگئی اور اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا۔