اسلام آباد، وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کسی توسیع کے خواہشمند نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا یہ کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے میری اور اٹارنی جنرل کی ملاقات ہوئی، چیف جسٹس نے واضح کیا کہ انہیں توسیع میں دلچسپی نہیں، اس قسم کی باتیں نہیں ہونی چاہئیں۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس معزز شخص ہیں، ان کے بارے میں بار بار کہنا کہ وہ توسیع لے رہے درست بات نہیں ہے، میری میڈیا کے دوستوں سے گزارش ہے، اب کسی دوسرے موضوع پر بات کرلیں۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا یہ کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی توسیع کی بات اب چھوڑ دینی چاہیے، دو تہائی اکثریت کی بات تو تب ہو کہ جب قاضی فائز عیسیٰ توسیع لینا چاہتے ہوں۔
دوسری جانب 9 مئی سے روپوش رہنما پی ٹی آئی مراد سعید کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور پارٹی قیادت سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مراد سعید روپوشی کے باوجود کے پی حکومت اور پارٹی کے اہم فیصلے کرنے والوں میں شامل ہیں جن میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت دیگر رہنما بھی مراد سعید سے رابطے میں ہیں۔