وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 46 ارب روپے سے بجلی کے بلز میں ریلیف دیا گیا ہے۔
لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بجلی کے بلز میں 46 ارب روپے ریلیف کی تشہیر دوسروں نے کی، ان لوگوں کا شکریہ جنہوں نے ہمارے پراجیکٹ کی تشہیر کی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ریلیف پر مخالفین کو ہونے والی پریشانی سے حیرانی ہوئی، باتیں کرنے اور کام کرنے میں بہت فرق ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ایسا ریلیف پہلے کبھی نہیں دیا گیا، ہر بل پر لکھا ہے کہ آپ کا اصل بل یہ تھا اور ریلیف کے بعد اتنا ہوگیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اگلی گرمیوں کے بجلی کے بلز میں ریلیف کے لیے ابھی سے کام شروع کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 46 ارب روپے سے بجلی کے بلز میں ریلیف نواز شریف کا وژن ہے اس کا کریڈٹ ان کو بھی ملنا چاہیے، منصوبے پر عملدرآمد کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ عنقریب سولر پینل پروگرام بھی شروع ہوجائے گا۔