یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین نے ڈی چوک سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
احتجاجی ملازمین کے مطابق آئندہ پیر تک مطالبات نہ مانے گئے تو وہ دوبارہ ڈی چوک پر دھرنا دیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین بے روزگار نہیں رہیں گے، انہیں اب دوسرے محکموں میں ملازمتیں دی جائیں گی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق رہنما پی ٹی آئی زین قریشی نے مصدق ملک سے سوال کیا کہ نوکریوں پر پابندی ہے تو پھر حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کو کیسے ملازمت دے گی؟
اس پر ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے حوالے سے 2 میٹنگز میں موجود تھے جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کی کھپت کے حوالے سے بات ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان میٹنگز میں یہ فیصلہ ہوا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تاجروں سے بات کرے گی مگر تاجروں کو بھی ٹیکس دینا چاہیے۔