پشاور، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کو سندھ اور پنجاب کے وائٹ کالر ڈاکوؤں کی پوری سپورٹ حاصل ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹرسیف نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں کچے ڈاکو کا راج ہے، پکے ڈاکوؤں کو صوبہ پنجاب میں پاور شیئرنگ کی پڑی ہے، سندھ اور پنجاب کے سرحدوں پر کچے، کراچی اور لاہور میں پکے ڈاکوؤں نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔
مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ کچے کے ڈاکو لوٹتے ہیں اور جان لے لیتے ہیں، پکے کے ڈاکو پاکستانی قوم سے کھلواڑ کررہے ہیں، کچے کے ڈاکو وائٹ کالر ڈاکو مسلم لیگ ن اور پی پی پی کی بی ٹیم ہے، کچے کے ڈاکوؤں کو سندھ اور پنجاب کے وائٹ کالر ڈاکوؤں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے حکمران کچے کے ڈاکوؤں کو باقاعدہ اسلحہ تک فراہم کرتے ہیں، راج کماری مریم نواز رحیم یار خان واقعے پر روایتی ڈرامہ بازی کررہی ہے، جب تک پکے ڈاکوؤں کو لگام نہیں دی جائے گی، تب تک کچے کے ڈاکو دندناتے پھرتے رہیں گے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 23 مسافروں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
ایس ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی کا کہنا ہے کہ موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں تمام افراد کو ٹرکوں اور مسافر بسوں سے اتار کر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
ایس ایس پی موسیٰ خیل کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ لگا کر مسافروں کو بسوں سے اتارا اور پھر مسلح افراد کی جانب سے 10 گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی گئی۔