بھارت میں شوہر کا بیوی پر تشدد کا ایک اوردل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ لکھنؤ میں رکشا بندھن کے موقع پر اپنے میکے جانے کی ضد کرنے پر شوہرکی جانب سے بیوی کی ناک کاٹ دی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 28 سالہ راہول کمار کا اپنی بیوی کیساتھ جھگڑا ہوا تھا، بیوی اپنے بھائی سے ملنے کے لیے میکے جانا چاہتی تھی جبکہ راہول نے اسے وہاں جانے سے روک دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر دونوں کے درمیان بحث چھڑ گئی، اسی دوران شوہر نے غصے میں آکر بیوی کی ناک چھری سے کاٹ دی۔
دلخراش واقعے کے بعد زخمی خاتون کو لکھنؤ کے اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں اس نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ شوہر سے سخت پریشان ہے اور اب وہ اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی، تاہم اسکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی تفتیش کا عمل جاری ہے، شوہر کے خلاف کارروائی ضرور کی جائے گی۔