پشاور، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا یہ کہنا ہے کہ مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو 1 اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا یہ کہنا تھا کہ ملک میں سستی بجلی کے پی کے پیدا کر رہا ہے، خیبرپختونخوا کی سستی بجلی وفاق ہمیں مہنگے داموں بیچ رہا ہے، جو صوبہ سستی بجلی پروڈیوس کر رہا ہے اسے بجلی اور بلوں میں ریلیف سے محروم رکھا جائے یہ کیسا انصاف ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ فارم 47 کے ایک ایم این اے کے پاس بجلی کے بلوں میں کمی کے اعلان کا قانونی اختیار نہیں، وفاق خیبرپختونخوا کے بجلی کے اربوں کے بقایا جات ادا کرے، مینڈیٹ چور حکومت پختونخوا کے بقایا جات پر سانپ بن کر بیٹھی ہوئی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا یہ کہنا تھا کہ مینڈیٹ چوروں نے صرف پنجاب کیلئے قومی خزانہ کھلا رکھا ہے، بجلی ریلیف کے سب سے زیادہ حقدار اور مستحق خیبر پختونخوا کے عوام ہیں، فارم 47 سرکار نے پورے ملک کے بجائے صرف پنجاب میں صارفین کو ریلیف دیا ہے۔
بیرسٹر سیف کا اس ضمن میں مزید یہ کہنا تھا کہ مینڈیٹ چوروں کے فیصلوں سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی مزید بڑھے گی، مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو1 اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا یہ کہنا ہے کہ عمران خان اور جنرل (ر) فیض حمید کے درمیان گٹھ جوڑ تھا اور فیض حمید نے اپنی پوری کوشش کی کہ پی ٹی آئی برسر اقتدار رہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا یہ کہنا تھا کہ خود کو پرامن کہنے سے کوئی پُرامن نہیں ہو جاتا، اسے ثابت کرنا پڑتا ہے، جماعت اسلامی کے لوگ پُرامن تھے اور دھرنا پُرامن انداز میں دیا۔