لاہور، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کرنے والوں اور کرانے والوں کا گینگ آہستہ آہستہ ایکسپوز ہو رہا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں یہ کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملے کرنے اور کروانے والے ایک ہی گینگ کے پارٹنر ہیں، اب اس میں کوئی چیز چھپی ہوئی نہیں رہی، 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ کون ہے اور اسکے سہولت کار کون تھے، سابق وزیراعظم عمران خان کے اب نقاب اترنا شروع ہوگئے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا یہ کہنا تھا کہ محسن کشوں اور احسان فراموشوں کی ہر ریس میں عمران خان اول نمبر پر آئے ہیں، فوج میں خود احتسابی کا عمل خوش آئند ہے۔
پاکستانی عوام پاک فوج کے سپہ سالار کے اس اقدام کو سراہتے ہیں، باقی جن جگہوں پر 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کے سہولت کار ہیں ان اداروں کو خود احتسابی کا عمل تیز کرنا چاہیے۔
ن لیگی رہنما و صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ جب تک 9 مئی کا 1،1 کردار اور سہولت کار کٹہرے میں نہیں آئے گا، ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، پاکستانی عوام اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ شہداء کا مذاق اڑانے والے کب کٹہرے میں لائے جاتے ہیں۔
عظمی بخاری کا مزید یہ کہنا ہے کہ شہداء کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں سوا سال بعد بھی ہمارے نظام عدل کی طرف دیکھ رہی ہیں۔