ہفتہ, 15 مارچ , 2025

خواجہ آصف کا خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کو بسانے کا دعویٰ بے بنیاد ہے، بیرسٹر سیف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے بیان کو گمراہ کن اور حقیقت کے برعکس قرار دیا ہے۔

خواجہ آصف کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ ایسے دعوے وفاقی حکومت کی دہشت گردی کے خلاف ناکامی کو چھپانے کی ایک بے سود کوشش ہیں۔ اگر وزیر دفاع کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت ہے تو وہ کسی ایک دہشت گرد کی نشاندہی کریں جو خیبرپختونخوا میں بسایا گیا ہو۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ اگر وزیر دفاع واقعی دہشت گردوں کی موجودگی سے آگاہ ہیں تو محض الزامات لگانے کے بجائے ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی؟ خواجہ آصف صرف اسلام آباد کی نہیں بلکہ پورے ملک کی سرحدوں کے محافظ ہیں، انہیں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک ہونا چاہیے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ایک اہم حکومتی منصب پر فائز ہونے کے باوجود خواجہ آصف دہشت گردی جیسے نازک معاملے کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بیانات نہیں، بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کو ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے اسے یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے ہندو برادری کے تہوار ہولی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ رنگوں کا یہ خوشنما تہوار محبت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی علامت ہے، پاکستان مختلف مذاہب اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے، جہاں ہر فرد کو برابر کے حقوق اور مواقع حاصل ہیں، دعا ہے کہ یہ دن سب کے لیے مسرت، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی نوید لے کر آئے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter