کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے قومی شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت کی بار بار طلبی کے باوجود ڈپٹی کمشنر ایسٹ الطاف شیخ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اعجاز عدالت میں حاضر نہ ہوئے، جس پر عدالت نے سخت نوٹس لیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے توہین عدالت کے تحت دونوں افسران کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ کو حکم دیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کراتے ہوئے دونوں افسران کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 مارچ تک کے لیے ملتوی کر دی۔
دوسری جانب انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب کی ضمانت میں 8 اپریل تک توسیع کر دی۔
اے ٹی سی کے جج منظر علی گل کی رخصت کے باعث 9 مئی جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملے اور تھانہ شادمان کو نذرِ آتش کرنے کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما کی درخواستِ ضمانت پر سماعت نہ ہو سکی۔