ڈی آئی جی پنجاب پولیس عمران کشور نے پولیس سروس سے استعفیٰ دے دیا۔
آئی جی پنجاب کو بھیجے گئے استعفیٰ میں عمران کشور نے تحریر کیا کہ وہ پولیس سروس آف پاکستان سے الگ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے حلف کی پاسداری پوری ایمانداری اور ثابت قدمی کے ساتھ کی، جس کے لیے کئی بار ذاتی قربانیاں بھی دیں۔ تاہم، اب وہ ایسی صورتحال میں ہیں جہاں مزید خدمات انجام دینا ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ تاریخ گواہ رہے گی کہ انہوں نے عزت و وقار کے ساتھ فرائض انجام دیے، لیکن وہ خاموش رہ کر کام نہیں کرسکتے، اس لیے ان کا استعفیٰ قبول کیا جائے۔
عمران کشور مختلف اضلاع میں ڈی پی او کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں اور لاہور میں آرگنائزڈ کرائم کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ 9 مئی کے مقدمات کی جے آئی ٹی کے سربراہ بھی رہے، جبکہ حالیہ دنوں میں سی سی پی او آفس میں ڈی آئی جی ایڈمن کے طور پر تعینات تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، پروموشن بورڈ میں ان کے خلاف منفی ریمارکس بھیجے گئے، جس کے باعث انہیں ترقی نہیں دی گئی، جس سے دلبرداشتہ ہو کر انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔