جعفر ایکسپریس ہائی جیک: اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، قومی اسمبلی نے بولان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کر لی، جس میں دہشت گردی کی اس کارروائی کی شدید مذمت کی گئی۔

یہ قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان میں پیش کی، جس پر حکومت اور اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان نے دستخط کیے۔

latest urdu news

قرارداد میں کہا گیا کہ جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے اور معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ملک میں دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ایوان نے عزم کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو ملک کے امن، ترقی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک میں خوف، نفرت اور تشدد پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا گیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ امن و امان کی صورتحال اور دیگر امور پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے 25 افراد کی میتیں مچ پہنچا دی گئی ہیں، جہاں سے انہیں شناخت کے بعد آبائی علاقوں کو منتقل کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter